جوگی نامہ
صفحۂ روح پہ تیری خوبی خط کی ہے پھبن
ہے سویدا ترے عاشق کا تیرا خال ذقن
رشک گل دست حنائی کہ کہے دیکھ چمن
ہو رقم کس قلم شوق سے اے غنچۂ دہن
اشتیاقے کہ بدیدار تو دارد دل من
اب جو مل جائے کہیں وہ تو یہ ہم اس سے کہیں
کب تلک درد جدائی کو بھلا تیرے سہیں
اتنا بھی بس نہیں اے یار کہ ہم مر ہی رہیں
دور جس دن سے ہوا تجھ چمن حسن سیمیں
نہ مجھے باغ خوش آتا ہے نہ گلشن چمن
بید مجنوں ہیں کہ میں تاک پریشاں خاطر
یا ہیں خاکستر خاشاک پریشاں خاطر
ہم غرض ایسے ہیں غم ناک پریشاں خاطر
چشم نمناک جگر چاک پریشاں خاطر
چاک پر چاک گریباں سے لگاتا دامن
جور اور ظلم سے اس کے نہ کبھی گھبرانا
نہ کبھی شکوۂ بیداد زباں پر لانا
کام ہرگز نہ کسی سے نہیں آنا جانا
کوئی کچھ پوچھے تو منہ دیکھ کے چپ رہ جانا
نہ تکلم نہ اشارت نہ حکایت نہ سخن
یاد اس شوخ کی کیا کیا ہی ستم لاتی ہے
جان بے چینی سے تن میں مرے گھبراتی ہے
آہ کرتا ہوں تو بجلی سی نکل آتی ہے
جب میں روتا ہوں تو آنکھوں سے برس جاتی ہے
کبھی ساون کی جھڑی اور کبھی بھادوں کی بھرن
دشت اور کوہ میں وحشی سا پڑا پھرتا ہوں
برق کی طرح سے بیتاب سدا پھرتا ہوں
میں غرض تجھ سے صنم جب سے جدا پھرتا ہوں
رات دن ہجر میں جوگی سا بنا پھرتا ہوں
بے قراری سے ترے نام کی جپتا سمرن
جور اور ظلم مرے دل نے ہزاروں ہی سہے
شکوۂ جور بھلا تیرا کہاں تک نہ کرے
اب تو یہ حال ہوا ہجر میں اے یار مرے
دوش پر بار الم کانوں میں غم کے مندرے
اشکوں کے تار گلے میں پڑے سیلی کے نمن
عشق میں جوگی ہوئے جب سے ہمیں بھائی بھبوت
بیٹھے در پر تیرے اور گرو ہے پھیلائی بھبوت
دیکھ ٹک آن کے کس روپ میں رنگ لائی بھبوت
پیرہن گیروا اور تن کے اپر چھائی بھبوت
سر سے لے پاؤں تلک خاک ملی سو سو من
گہ در کعبہ پہ پیشانی کو اپنی گھسنا
گاہ مسجد میں میاں مانگنا جا جا کے دعا
انکساری سے کبھی دیر میں ہر دم جانا
دم بہ دم آہ کی پونگی سے بجانا یہ صدا
دیکھیے کون سی دن ہر ہمیں دیں گے درشن
دیکھا میرے تئیں جو تن کے اپر گل کھائے
اور کپڑے بھی رنگے گیروے تن پر پائے
دیکھ یہ حال تعجب سے بشر گھبرائے
کوئی کہتا ہے کہ جوگی جی کدھر کو آئے
سچ کہو کون سی نگری میں تمہارا ہے وطن
یاد کرتے ہو اسے نام اسی کا لے لے
اور زیبا ہیں بہت آپ کے تن پر سیلے
وہ جوگی بھی بنے خوب ہو تم البیلے
کون سے پنتھ میں ہو کون گرو کے چیلے
کون سے روپ میں ہو کون سا رکھتے ہو برن
ہم کو جوگی جی بتا دیجیے یہ حال اپنا
تم جو بیراگی بنے اس میں نفع کیا ہے بھلا
اور مرشد سے تمہارے ہے تمہیں کیا پہونچا
نام کیا جوگ میں ہے تم کو گرو نے بخشا
دھیان کیا رکھتے ہو کس گیان کا رکھتے ہو چلن
در شہورا جلا کر جو بنائی ہے بھبوت
اور کیوں تم بتاؤ یہ خوش آئی ہے بھبوت
عشق میں کس کے یہ اب تن پہ رمائی ہے بھبوت
کس لیے منہ کے اپر تم نے لگائی ہے بھبوت
کس کی الفت میں یہ بیراگ کا پہنا ابرن
کس لیے جوگ لیا اور رنگا کپڑوں کو
کس پہ عاشق ہو دیا رنج یہ کس نے تم کو
کیوں کر اوقات بسر ہوتی ہے یہ ہم سے کہو
کیا الم کھاتے ہو اور کس کی طلب رکھتے ہو
دھونی جل پان بھی یا یوں ہی کرو گے لنگھن
نام پیغمبروں کے کفنی پہ لکھے سارے
اور گریباں میں ہیں نام خدا کے لکھے
تم تو کامل سے نظر آتے ہو اپنے لیکھے
ہم نے جوگی تو بہت یوں ہیں ہزاروں دیکھے
پر تمہارا تو زمانے سے نرالا ہے چلن
ہم نے دنیا میں اجی سیکڑوں دیکھے جوگی
دیکھے ہر رنگ کے ہر ایک برن کے جوگی
پر عرض تم سے نہیں دیکھے ہیں ہم نے جوگی
تم تو آتے ہو نظر ہم کو نئے سے جوگی
سچ کہو جوگ لیا تم نے یہ کس کے کارن
کیا ہوا جوگی جی تم کو بھلا ہم سے تو کہو
کیوں خجل خوار پڑے پھرتے ہو منہ سے بولو
کس لیے وحشی سے پھرتے ہو بتاؤ ہم کو
کس کی ہے یاد تمہیں کس کے لیے پھرتے ہو
اب کہیں بیٹھو گے یا یوں ہی پھرو گے بن بن
کس لیے گھر سے تم آئے ہو بھلا اپنے نکل
پھرتے مانند صبا کیوں ہو بدشت و جنگل
تم سے اک بات کہوں اس پہ اگر کیجے عمل
گر کرو حکم تو بنوا دیں تمہارا استھل
شہر میں باغ میں یار لب دریائے جمن
یا کہیں اور بتاؤ کہ جہاں آپ رہیں
یا تو جنگل میں اگر دل لگے یہ آپ کہیں
یا کہ استھل کے بنا دینے کی تجویز کریں
یا کہ متھرا جو پسند آوے تو واں جاگہ لیں
یا کدر بن میں ہو یا مات مہا بندرابن
اور اگر یوں ہی پھرو گے تو یہ ہے مشکل سخت
استھل اک ہم جو بنا دیں تو زہے اپنے بخت
اس میں اچھا سا بچھا دیویں تمہارے لیے تخت
خاصے پھولوں کے لگا دیویں اس استھل میں درخت
جس سے آنکھوں کو طراوت رہے اور دل ہو مگن
اب تو جوگی جی کہا مان لو یہ تم میرا
ایک جا بیٹھ رہو اور کرو ہم پہ دیا
مت پھرو یوں خجل و خوار بدشت و صحرا
جب تو سن سن کے یہ ہم نے کہا اس سے بابا
تجھ کو کیا کام فقیروں سے یہ کرنا ان بن
کیا گرج تجھ کو جو پوچھے ہے تو احوال مرا
جوگ کی پوچھے تو بس عشق میں یہ جوگ لیا
اور اس کی ہی جدائی میں پھرے ہیں ہر جا
اور وطن پوچھے ہمارا تو یہ سن رکھ بابا
یا گلی دوست کی یا یار کے گھر کا آنگن
مثل صرصر اسی کوچے میں پھرا کرتے ہیں
دیکھ دروازے کو بس شاد ہوا کرتے ہیں
خون دل جائے مئے ناب پیا کرتے ہیں
اس کے کوچے میں سدا مست رہا کرتے ہیں
وہی بستی وہی نگری وہی جنگل وہی بن
گاتے پھرتے ہیں سدا بین لیے کاندھے پہ گیت
جو اتیتوں کی ہے مدت سے وہی اپنی ریت
محو پیتم کے ہیں جب سے کہ لگی اس کی پیت
پنتھ کی پوچھے تو جوگی نہ جنم کے نہ اتیت
عشق کے میل میں ہم پیم کا رکھتے ہیں برن
آ ملے دل میں جو الفت کے تھے سو پھوٹ گئے
جتنا تھا مال مرا تب اسے لے لوٹ گئے
اقربا دوست تھے جتنے وہ بھی چھوٹ گئے
جب سے اس شوخ کے پھندے میں پھنسے ٹوٹ گئے
جتنے تھے مذہب و ملت کے جہاں میں بندھن
عشق میں چھوڑ کے ہم دنیا و دیں بیٹھے ہیں
خاطر آشفتہ و دل گیر و حزیں بیٹھے ہیں
چھوڑ سب عیش جہاں گوشہ گزیں بیٹھے ہیں
اس کے ہم در پہ منڈا سر کے تئیں بیٹھے ہیں
رات دن پیتے ہیں دھو دھو کے اسی کے گر کے چرن
خنجر عشق سے بس اپنا کلیجا ہے شق
یہ تو ظاہر ہے نشاں منہ کا بھی جو رنگ ہے فق
خوں میں آلودہ ہیں زخمی ہیں کہ جوں رنگ شفق
نام کو پوچھے تو ہے نام ہمارا عاشق
سب سے آزاد ہوئے یار کا لے دامن
حال بے باکی کا کیا اپنی بھلا تجھ سے کہیں
گر رہیں بھوکے تو ہرگز بھی کبھی غم نہ کریں
اور کھانے کو ملے تو بھی نہ کچھ شاد رہیں
گر رہیں جیتے تو جینے کی نہیں فکر ہمیں
اور مر جائیں تو ہرگز نہیں پرواے کفن
دیکھ نیرنگی زمانے کی ہوئے گل در گل
اور مل تن کو بھبوت اپنے گئے خاک میں مل
کپڑے رنگنے کو تو آسان نہ جان او غافل
رنگ وہ رنگتے ہیں جس رنگ کا رنگنا مشکل
روپ بھرتے ہیں جس روپ کا بھرنا ہے کٹھن
چھوڑا جنت کو جو آدم نے اسی کی خاطر
اور ہر ایک کے کی دم نے اسی کی خاطر
جی میں کی اپنے خوشی غم نے اسی کی خاطر
جوگ بیراگ لیا ہم نے اسی کی خاطر
سب کے تئیں چھوڑ اسی کی ہے محبت کی لگن
رنگے کپڑوں سے نہ کر ہم پہ تو جوگی کا گمان
ہم نے کیا جانے کیا کس لیے ایسا سامان
گر تو عاقل ہے تو پھر دل ہی میں اپنے پہچان
ہم میں اور جوگی کی صورت میں بڑا فرق ہے جان
کہاں سے جوگی کی ادا اور کہاں عاشق کی پھبن
آتش غم سے جلا جب سے جلایا دل و جان
تب یہ اکسیر ملی ہم کو تو شک اس میں نہ جان
تو تو عاقل ہے بس اب عقل سے اپنی پہچان
خاک ہے یار کے کوچے کی بھبوت اب ہر آن
ہم نے بھی راکھ بنائی ہے جلا کر تن من
سرخ آنکھوں کا جو پوچھے ہے کہ باعث ہے کہا
شوق مے کا نہیں کچھ ذوق نہیں افیون کا
قدح بنگ سے نہ عشق کبھی ہم کو ہوا
ہے محبت کے دھتورے کا جو آنکھوں میں نشا
اس کی گرمی ہی سے رہتے ہیں سدا سرخ نین
کوئی مونس ہے نہ غم خوار نہ ہے سنگ نہ سات
رہتا ہون رنج میں مشغول سدا دن اور رات
اب خدا جانے کہ کس طرح کٹے گی اوقات
اور استھل کے بنانے کی کہی تو نے جو بات
یہ بکھیڑا وہ کرے جس کے کنے ہو کچھ دھن
عشق جب سے کہ ہوا ہے ہمیں اس اچپل سے
جب سے بیتاب پھرا کرتے ہیں اور بیکل سے
ہم سے بیکل بھی نہیں بیٹھے ہیں اک جا کل سے
ہم فقیروں کو بھلا کام ہے کیا استھل سے
وہی استھل ہے جہاں مار کے بیٹھے آسن
خواہش زر نہ کریں اور نہ کسی سے مانگیں
تخت اور چتر کی بھی کچھ نہیں پروا ہے ہمیں
گوکل اور متھرا کے رہنے کی نہیں حرص کریں
جا پڑیں یاد میں اس شوخ کی جس بستی میں
وہی گوگل ہے ہمیں اور وہی ہے بندرابن
جب سے جوگی ہوئے دی اس کو متاع دل و جاں
چھوڑ بیٹھے بھی آرام کا جو تھا ساماں
حاجت تکیہ ہے نے خواہش بستر نہ مکاں
جا پڑے کاک پہ رکھ سر کے تلے ہاتھ جہاں
ہے وہی فرش وہی تخت وہی سنگھاسن
ہے خیال اس گل رخسار کا ہر شام و پگاہ
باغ باغیچے کی ہرگز ہے نہیں ہم کو چاہ
چاہ ہے چاہ ذقن کی نہیں درکار ہے چاہ
پھول پھلواری کی بھی جب سے نہیں کچھ پرواہ
جب سے گل کھا کے محبت میں جلایا ہے بدن
رہتا ہوں مضطر و مغموم میں ہر دم ہر آن
ہوش گم کردہ پھرا کرتا ہوں اور بے سامان
باز آ ظلم سے اور جور سے تو حق کو مان
اب تو اس حال کو پہونچا ہوں ترے ہجر میں جاں
اے گل باغ وفا دل کے چمن کے گلشن
کہیں کہتا ہے جو احوال مرا کوئی ذرا
سر کو دھنتا ہے ہر ایک پیر و جواں اور لڑکا
گھر میں رہتا ہوں تو روتا ہے ہر اک خویش اپنا
گھر سے باہر جو نکلتا ہوں تو منہ دیکھ میرا
مرے احوال پہ بھی روتے ہیں جنگل میں ہرن
خاطر آشفتہ میں پھرتا ہوں حزین و دل گیر
عشق میں اس کے سبھی کھو چکا عز و توقیر
پھرتا ہوں گلیوں میں دیوانہ سا ہر روز ضریر
کیا لکھوں اب تو گزرتی ہے جو کچھ مجھ پہ نظیرؔ
دل من داند و من دانم و داند دل من
- کتاب : کلیات نظیر اکبرآبادی، مرتبہ عبدالباری آسی (Pg. 722)
- Author : نظیرؔ اکبرآبادی
- مطبع : منشی نولکشور، لکھنؤ، (1951)
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.