یہ کون آ رہا ہے ادھر مسکراتا
جہاں تمنا میں ہلچل مچاتا
نگاہوں میں مستی قدم بہکے بہکے
چراغ محبت جلاتا بجھاتا
حجابوں میں ڈوبی ہوئی بے حجابی
میری زندگی کو تماشا بناتا
نگاہیں پیامی ادائیں سلامی
دو عالم کا منظر منظر کو دکھاتا
مبارک ہو میری جبینِ وفا کو
ہر اک گام پر ایک کعبہ بناتا
فضا سے برسنے لگی ہیں بہاریں
گلوں کو طریق تبسم سکھاتا
دو عالم کو سیراب کر دینے والا
شرابِ محبت پلاتا بہاتا
کبھی مہر کامل کبھی قہر کامل
کبھی رخ دکھاتا کبھی رخ چھپاتا
شبابِ مکمل نگار سراپا
نگاہوں سے بچتا قضاؤں پہ چھاتا
بہ ایں زلفِ مشکیں بہ ایں روئے انور
نگاہوں کی بے چینیوں کو لبھاتا
نگاہیں جھکائے دو عالم پہ چھائے
کبھی مجھ کو کھوتاکبھی مجھ کو پاتا
وہ رفتار جیسے کہ بادِ بہار
بناتا مٹاتا، مٹاتا بناتا
فضائیں معطر ہوئی جا رہی ہیں
ہواؤں کو بھی نکہتوں سے بساتا
بہر طور کامل بہر رنگ قاتل
جسے قتل کرتا اسی کو جلاتا
خبر ہی نہیں مجھ کو بہزادؔ اپنی
یہ کون آ گیا ہوش میرے اڑاتا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.