Font by Mehr Nastaliq Web
Sufinama
Dr. Saad Zafar's Photo'

ڈاکٹر سعد ظفر

1992 | دہلی, بھارت

اردو و فارسی ادب کے سنجیدہ محقق، جن کی علمی بصیرت، تحقیقی دیانت اور گہری تصوف فہمی عہدِ حاضر کی علمی دنیا کو رونق بخش رہی ہے۔

اردو و فارسی ادب کے سنجیدہ محقق، جن کی علمی بصیرت، تحقیقی دیانت اور گہری تصوف فہمی عہدِ حاضر کی علمی دنیا کو رونق بخش رہی ہے۔

ڈاکٹر سعد ظفر کا تعارف

اصلی نام : محمد سعد ظفر

پیدائش : 15 Jul 1992 | لکھیم پور, اتر پردیش

ڈاکٹر محمد سعد ظفر اردو اور فارسی ادب کے ایک سنجیدہ، محنتی اور صاحبِ بصیرت محقق و دانشور ہیں، ان کی علمی زندگی کا آغاز اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور (کھیری) کے قصبہ گولا گوکرن ناتھ سے قریب واقع گاؤں "پرسیڑیا" سے ہوا، جہاں انہوں نے نہایت سادہ اور محدود وسائل کے باوجود اپنی ابتدائی تعلیم کی بنیاد رکھی، اسی دیہی ماحول میں ان کے اندر علم دوستی، جستجو اور فکری بیداری کے ابتدائی نقوش مرتب ہوئے۔

ڈاکٹر محمد سعد ظفر نے عربی اور فارسی کی ابتدائی تعلیم الجامعۃ الاسلامیہ شاہجہان پور، بعد ازاں خادم الاسلام، ہاپوڑ اور مدرسہ شاہی، مرادآباد میں دینی و مذہبی تعلیم مکمل کی، ان تعلیمی مراحل نے ان کی فکری اور اخلاقی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اس کے بعد انہوں نے اسلامیہ انٹر کالج، شاہجہان پور سے انٹرمیڈیٹ تک کی تعلیم حاصل کی، جہاں ان کی علمی صلاحیتیں مزید نکھر کر سامنے آئیں، اعلیٰ تعلیم کے لیے انہوں نے University of Lucknow سے بی اے کی ڈگری حاصل کی، جہاں ڈاکٹر ارشدالقادری کی تشویق سے انہوں نے Jawaharlal Nehru University، نئی دہلی میں داخلہ لیا، جو ان کی زندگی کا ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوا، اس جامعہ میں انہوں نے فارسی زبان و ادب میں ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تکمیل کی اور تحقیقی میدان میں اپنی شناخت قائم کی۔

جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں ان کے اساتذہ، جن میں پروفیسر عین الحسن، پروفیسر اختر مہدی، پروفیسر اخلاق آہن، پروفیسر اختر حسین، پروفیسر اشتیاق احمد اور ڈاکٹر علاؤالدین شاہ شامل ہیں، نے ان کی علمی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا، ان اساتذہ کی رہنمائی نے ان کے اندر تحقیق، تنقید اور تجزیے کی مضبوط صلاحیت پیدا کی۔
ان کا ایم فل کا مقالہ “مطالعۂ انتقادی نجات الرشید (عبدالقادر بدایونی)” ایک معیاری تحقیقی کاوش ہے، جس میں علمی سنجیدگی اور تنقیدی شعور نمایاں نظر آتا ہے، پی ایچ ڈی کے لیے انہوں نے “مطالعۂ انتقادی علم الکتاب” کے عنوان سے مقالہ تحریر کیا، جو عظیم صوفی شاعر خواجہ میر دردؔ کی تخلیقات پر مبنی ہے، یہ مقالہ فارسی ادب اور تصوف کے مطالعے میں ایک اہم اضافہ شمار ہوتا ہے اور ان کی فکری بصیرت کا مظہر ہے، اس تحقیقی کام میں پروفیسر اخلاق احمد آہن کی رہنمائی کو خصوصی اہمیت حاصل رہی۔

ڈاکٹر محمد سعد ظفر کی تحریریں گہرے مطالعے، فکری توازن اور تحقیقی دیانت کی آئینہ دار ہیں، ان کا اسلوب سنجیدہ، مدلل اور علمی معیار پر پورا اترتا ہے، اردو اور فارسی ادب میں ان کی خدمات مسلسل ارتقا پذیر ہیں اور وہ نئی نسل کے محققین کے لیے ایک مثالی کردار کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد سعد ظفر کو تصوف کے موضوع سے بھی گہری دل چسپی ہے، اس میدان میں وہ درجنوں نہایت وقیع اور فکرانگیز مقالات تحریر کر چکے ہیں، جنہیں علمی و ادبی حلقوں میں غیر معمولی قدر و منزلت اور بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

بلاشبہ ڈاکٹر محمد سعد ظفر کا علمی سفر لگن، استقامت اور مسلسل جدوجہد سے عبارت ہے، ان کی تحقیق و تصنیف اردو اور فارسی ادب کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہے، جو آنے والے وقتوں میں بھی علمی دنیا کی رہنمائی کرتا رہے گا۔


موضوعات

Recitation

بولیے